کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کے موقع پر 50روپے مالیت کا یادگاری سکہ جاری کرنے کا اعلان کردیا۔
آئین کی گولڈن جوبلی کا یادگاری سکہ 14 اپریل 2023ء سے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے فیلڈ دفاتر سے جاری ہوگا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق سال 2023ء اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کی گولڈن جوبلی کا سال ہے۔
اس خصوصی موقع کی مناسبت سے وفاقی حکومت نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو 50 روپے کا یادگاری سکہ جاری کرنے کی اجازت دی ہے۔
یہ یادگاری سکہ 14 اپریل 2023ء سے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے فیلڈ دفاتر کے تمام تبادلہ کاؤنٹرز سے جاری کیا جائے گا۔
سکے کی شکل گول ہے جسے 30.0 ملی میٹر سمت کے ساتھ نقش کیا گیا ہے، اس کا وزن 13.5 گرام اور یہ تانبے اور نکل کے دھاتی اجزا (تانبا 75 فیصد اور نکل 25 فیصد) پرمشتمل ہے۔سامنے کے رخ پر درمیان میں بڑھتا ہوا ہلالی چاند اور پانچ نوکوں پر مشتمل ستارہ دیا گیا ہے جس کا رخ شمال مغرب کی طرف ہے۔
سکے کے دائرے کے ساتھ چاند ستارے کے اوپر ”اسلامی جمہوریہ پاکستان“ کے الفاظ اردو اسکرپٹ میں کندہ کیے گئے ہیں۔
چاند کے نیچے اور گندم کی اوپر کو اٹھتی ہوئی دو شاخوں کے اوپر سکے کے اجرا کا سال 2023 تحریر ہے۔ سکے کی ظاہری مالیت ’50‘ابھرے ہوئے اعداد میں اور ’روپیہ‘ اردو اسکرپٹ میں بالترتیب چاند ستارے کے دائیں اور بائیں جانب تحریر کیے گئے ہیں۔
سکے کی پشت پر مرکز میں ’آئین اسلامی جمہوریہ پاکستان‘ کے عنوان سے کتاب کی تصویر انگریزی اسکرپٹ کے ساتھ دکھائی گئی ہے۔ اس تصویر کے اوپر دائرے کے ساتھ اردو اسکرپٹ میں ”آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی“ کے الفاظ درج ہیں۔
تصویر کے نیچے ”1973-2023“ اعداد میں سکے کے دائرے کے ساتھ درج ہے جو گولڈن جوبلی تقریبات کی مدت کو ظاہر کرتاہے۔ فنکارانہ عددی الفاظ میں ’50‘ اور اردو میں لفظ ’سال‘ بالترتیب سکے کے دائیں اور بائیں جانب تحریر ہیں۔
