شہری پارکس میں مفت تفریح کی سہولت سے بھی محروم،50 روپے ٹکٹ وصولی

کراچی: عید کا مزہ دوبالا کرنے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد اورفیمیلز نے سیر وتفریح کی غرض سے پارکس اور تفریحی مقامات کا رخ کیا تاہم تفریحی مقامات کے علاوہ پارکس جانے والے شہریوں کواس وقت مایوسی کے عالم میں واپس لوٹنا پڑا جب پیپلزاسکوائر،کورنگی ماڈل پارک سمیت مختلف تفریحی پوائنٹ پرسیرتفریح کا ٹکٹ وصول کرنا شروع کردیا گیاہے۔

سندھ سیکریٹریٹ کے سامنے پیپلزاسکوائرپرعید کے روز اچانک سیروتفریح کے لیے آنے والی فیملیز کو داخلے کے لیے 50 روپے فی فرد ٹکٹ کا مطالبہ کیا گیا۔

شہریوں نےپیپلزاسکوائرجہاں سال بھرمفت تفریحی مواقع دسیتاب تھے اچانک عید کے روز داخلہ ٹکٹ کی وصولی کے خلاف سوشل میڈیا پرویڈیوزاپ لوڈ کرکے احتجاج کیا اورگورنروزیراعلی سندھ ایڈمنسٹریٹرکراچی سے مطالبہ کیا کہ شہریوں کولوٹنے والے عناصرکے خلاف کارروائی کی جائے لیکن تاحال کسی بھی ادارے نے شہریوں کے مطالبہ کا نوٹس نہیں لیا۔

دوسری جانب کورنگی نمبر5کےماڈل پارک میں داخلہ فیس50روپےاورسروس روڈکے ایک ٹریک کوبند کرکے30روپےموٹر سائیکل پارکنگ فیس وصولی پرشہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ یہ سب ڈسٹرکٹ انتظامیہ اور پولیس کی سرپرستی کے بغیر ممکن نہیں،ڈی سی کورنگی اور ایس ایس پی کورنگی فوری طور پر کورنگی لانڈھی کے غریب عوام کے ساتھ ہونے والی لوٹ مار کا خاتمہ کرائیں ۔

اسی طرح کراچی کے دیگرمختلف مقامات پرعلاقائی سطح پرقائم پارکس اورتفریحی مقامات میں عید کے روز انٹری فیس کے علاوہ پارکنگ فیس دوگنی وصول کرنے کے خلاف شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے ملوث افراد کو فوری طور معطل کرنے کا مطالبہ کیا۔