کراچی: ویمن پروٹیکشن ویلفیئر ٹرسٹ نے شہر میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا اور موقف اختیار کیا کہ خواتین کے پرس ،موبائل چھیننے کی وارداتوں میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی صورتحال قابو سے باہر ہو چکی ہے پولیس سی پی ایل سی سے بروقت رابطہ نہیں کرتی، مزاحمت پر روزانہ کی بنیاد پر قتل کئے جارہے ہیں اداروں کے درمیان باہمی رابطہ نہ ہونے کا فائدہ ملزمان کو ہوتا ہے موبائل چھیننے کے مقدمات بھی سی ٹی ڈی اور ایس آئی یو کو دیئے جائیں۔
درخواست میں چیف سیکریٹری ،ہوم سیکریٹری سندھ، پولیس حکام ،ایف آئی اے ، سی پی ایل سی اور ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
جسٹس نعمت اللہ پھپھلوٹو نے کہا کہ درخواست گزار اس صورت حال سے کیسے متاثر ہے عدالت نے درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق وضاحت طلب کرلی درخواست کی سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردی گئی۔
