کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سندھ حکومت کی جانب سے دعوت اسلامی کو اسلامک یونیورسٹی کے قیام کیلئے 150 ایکڑ زمین الاٹ کرنے کے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حکم پر دعوت اسلامی ٹرسٹ کو کراچی میں یونیورسٹی کے قیام کے لیے 150 ایکڑ رفاحی زمین الاٹ کرنے کی ہدایت کردی ہے، اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کی جانب سے ایک لیٹر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو جاری کردیا گیا ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے ملنے والی زمین پر دعوت اسلامی ٹرسٹ کی جانب سے دارالمدینہ انٹرنیشنل یونیورسٹی قائم کی جائے گی، وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کی جانب سے اس ضمن میں بورڈ آف ریونیو کو لکھے گئے لیٹر میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے مذکورہ منصوبے کے لیے زمین فراہم کرنے کے اعلان کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گزشتہ دنوں کراچی میں دعوت اسلامی کے مرکز کا دورہ بھی کیا تھا جس کے دوران انہوں نے تنظیم کے سرکردہ افراد سے ملاقاتیں کی تھیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس کے بجٹ میںخیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک کیلئے 30 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کیے گئے تھے، پی ٹی آئی کا موقف تھا کہ وہ مدارس کو مرکزی دھارے میں لانا چاہتی ہے اور وہاں دینی کے ساتھ ساتھ جدید علوم شروع کرانا چاہتی ہے۔
تحریک انصاف کے اس اقدام کو مسلم لیگ ن اور بالخصوص پیپلز پارٹی جانب سے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ سابق صدر آصف زرداری نے تو جامعہ حقانیہ کو دہشتگردوں کی آماجگاہ قرار دے کر اس اقدام کو شہدا کے خون سے غداری قرار دیا تھا جبکہ بلاول بھٹو زرداری اپنے ہر جلسے میں عمران خان کو طالبان کا بچھڑا بھائی قرار دیتے ہیں، انہوں نے لیاقت آباد ٹنکی گراﺅنڈ کراچی جلسے میں بھی اپنی یہ بات دہرائی تھی۔
خبر کو عام عوام تک پہنچانے میں ہمارا ساتھ دیں، صارفین کے کمنٹس سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
