کراچی (اسٹاف رپورٹر)رینجرز اور پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہو ئے موٹر سائیکل لفٹر سمیت 27ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات اور موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔
تفصیلات کے مطابق رینجرز نے گبول ٹاؤن، گذری اور ٹیپو سلطان سے 6 ملزمان وسیم عرف چپٹا، عامر خان عرف یوسف ، اکرم اللہ عرف خاکی ، محمد عامر ، محمد خالد اور وقاص احمد کو گرفتار جبکہ پولیس نے گلشن معمار کریم شاہ مزار کے قریب مقابلے کے بعد 2ملزمان ارباب اور سبحان کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ موٹر سائیکل برآمد کی۔
علاوہ ازیں منگھو پیر پولیس نے مقابلے کے بعد 3 ملزمان امین ،اشتیاق اور قاسم کو گرفتار کر کے اسلحہ موٹر سائیکل ، گلبہار پولیس نے قریشی کالونی سے اسٹریٹ کرمنل شانی کو گرفتار کر کے اسلحہ موٹر سائیکل ،سائٹ اے پولیس نے 2اسٹریٹ کرمنل ساجد خان اور مسعود خان کو گرفتار کر کے اسلحہ موٹر سائیکل ، سرسید پولیس نے ناگن چورنگی کے قریب لوٹ مار کرنے والے 2 ملزمان معیز اور سجاد کو گرفتار کر کے اسلحہ موٹر سائیکل قبضے میں لی۔
کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے لوٹ مار میں مصروف ایک ملزم الطاف کو مقابلے کے بعد گرفتار کر کے اسلحہ اور موٹر سائیکل ،سعود آباد پولیس نے ایک ملزم ریاض الدین کو گرفتار کر کے شراب کی بوتلیں برآمد کرلیں ،لانڈھی پولیس نے منشیات فروش آصف ،الفلاح پولیس نے گٹکا فروش بلال بنگالی کو گرفتار کرلیا۔
ابراہیم حیدری پولیس نے 4 ملزمان شعیب ، اسدعلی ، جنید عباسی اور نجیب نیازی کو گرفتار کرتے ہوئے انکے قبضے سے اسلحہ اور دو موٹر سائیکلیں برآمد کرلی ، سمن آباد پولیس نے ظہور کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے جعلی 1500 ڈالر برآمد کرلیے۔
دریں اثنا اینٹی کارلفٹنگ سیل پولیس نے بن قاسم میں کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل لفٹر محمد وہاج اور محمد احاد کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے دو موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں ، اینٹی کارلفٹنگ سیل پولیس کو مطلوب اور کئی سالوں سے موٹر سائیکلیں چوری اور چھیننے کی وارداتیں کررہے تھے۔
