کراچی کی سیشن کورٹ نے تھانہ سولجر بازار میں تین برس قبل قائم ہونے والے مقدمے میں میئر کراچی وسیم اختر اور ایم کیو ایم پاکستان کے سابق سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کو بری کردیا۔
سیشن کورٹ میں مقدمے کی سماعت ہوئی جس میں فاروق ستار اور وسیم اختر کے وکلاء شریک ہوئے، عدالت نے تفتیشی چالان مکمل ہونے کے بعد دونوں رہنماؤں کو بے گناہ قرار دیا۔
جج نے فیصلہ پڑھ کر سنایا اور فاروق ستار، وسیم اختر کو بے گناہ قرار دیا جبکہ بقیہ ملزمان کے حوالے سے کوئی واضح اعلان نہیں کیا گیا۔
یاد رہے کہ ایم کیو ایم نے لاپتہ کارکنان کی بازیابی اور کارکنان کی بلاجواز گرفتاریوں کے خلاف تین برس قبل مزار قائد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔
بعد ازاں ایم کیو ایم کی قیادت کے خلاف تھانہ سولجر بازار میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں فاروق ستار، وسیم اختر، قمر منصور، کنور نوید سمیت دیگر کو نامزد کیا گیا تھا۔
مقدمے کی سماعت گزشتہ تین برسوں سے جاری تھی البتہ تفتیش نامکمل ہونے کے باعث نئی تاریخ کا اعلان کردیا جاتا تھا، گزشتہ سماعت پر عدالت نے تفتیشی افسر کو ہر صورت حتمی چالان جمع کرانے کی ہدایت کی تھی جس کی بنیاد پر آج فیصلہ کیا گیا۔
سٹی کورٹ میں جوڈیشنل مجسٹریٹ 26 ایسٹ PS سولجر بازار ہنگامہ بلوہ کیس سے ڈاکٹر فاروق ستار باعزت بری ہوگئے۔
