لاہور: پنجاب میں وکلا کے تشدد کے خلاف ججز ہڑتال پر چلے گئے، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں کی ماتحت عدالتوں کے ججز صاحبان نے گزشتہ روز جڑانوالہ میں پیش آنے والے واقعے پر عدالتوں کا بائیکاٹ کردیا۔
ججز صاحبان عدالتوں سے اٹھ کر اپنے اپنے چیمبرز میں چلے گئے اور کارروائی کا بائیکاٹ کیا البتہ اہم مقدمات کی سماعت انہوں نے چیمبرز میں ہی کی جس کے باعث سائلین کو شدید کرب کا سامنا کرنا پڑا۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل جڑانوالہ کی مقامی عدالت میں دوران بحث معمولی تلخ کلامی کے بعد وکیل نے جج کے سر پر کرسی مار دی تھی جس کے باعث اُن کا سر پھڑ گیا تھا اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ ججز نے وکلا سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وکلا کی جانب سے آئے روز ججز صاحبان کے ساتھ بدتمیزی اور دھمکیوں کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے اور بات ججز کے گریبان پکڑنے سے بڑھ کر دھمکیوں اور تشدد تک چلی گئی ہے۔
جج سے بدتمیزی کرنے والے وکیل کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے چھاپے مارے جا رہے ہیں جب کہ ایڈووکیٹ عمران منج کے خلاف کارروائی کے لیے سینئر سول جج نے میڈیکو لیگل بھی حاصل کر لیا ہے۔
https://www.facebook.com/HUMNewsPakistan/videos/481961462545266/
