لاہور کے علاقے میں واقع داتا دربار کے باہر ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب خودکش دھمکا ہوا جس کے نتیجے میں پانچ اہلکار جاں بحق جبکہ تین زائرین شہید ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق داتا دربار کے گیٹ نمبر 2 کے باہر ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب زور دار دھماکا ہوا جس کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید کا کہنا تھا کہ دھماکا خودکش تھا، جائے وقوعہ سے بال بیرنگ برآمد ہوئے۔ دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے زخمیوں کو قریبی میو اسپتال منتقل کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بم دھماکے کو ایلیٹ فورس پر حملہ قرار دیتے ہوئے انتہائی اہم اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا جبکہ وزیر پنجاب راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ مذکورہ مقام کو حساس قرار دیا گیا تھا اس لیے وہاں ایلیٹ کے جوان تعینات تھے۔
دھماکے کے بعد میو اور جنرل اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے فوری طور پر اضافی عملے کو طلب کرلیا گیا، ڈاکٹروں کی بڑی تعداد اسپتال میں موجود ہے اور زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔ آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان جائے وقوعہ پر پہنچے اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ داتا دربار کے باہر پولیس کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایلیٹ فورس کے 5 جوانوں سمیت 8 افراد شہید اور 24 زخمی ہوئے۔
