سندھ پولیس نے دعویٰ کیا ہے انہوں نے کارروائی کے نتیجے میں کراچی الیکٹرک کارپوریشن ( کے الیکٹرک) کا ایسوسی ایٹ انجینئر کو حراست میں لیا جو فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث اور ایم کیو ایم لندن کے مبینہ ٹارگٹ کلر کا دوست ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم کو لیاری ایکسپریس وے 13 ڈی کے قریب سے گرفتار کیا گیا، ملزم پر دو الزام ہیں جن میں سے پہلا شہر قائد میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونا اور دوسرا ایم کیو ایم لندن کے علی چکنا کا قریبی دوست ہونا ہے۔
کے الیکٹرک میں فرائض انجام دینے والے ایسوسی ایٹ انجینئر جاوید عرف وصی رضا کو گلشن اقبال پولیس نے گرفتار کرلیا، ملزم کے قبضے سے پستول اور بغیر نمبر پلیٹ کی موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔
ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ ملزم ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر علی چکنا کا قریبی ساتھی ہے، زوہیب پٹھان، علی رضا عرف رضا ٹی ٹی، شان حیدر پولیس والا، کاکا بندہ ملزم کی ٹیم میں شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے ٹارگٹ کلر علی رضا کے کہنے پر 2 کارکنان کی مکمل ریکی کی، جس کے بعد دونوں کو قتل کیا گیا۔
https://zaraye.com/isis-worker-arrest/
ملزم نے پولیس کو دئیے گئے بیان میں کہا ہے کہ لائنز ایریا کے ندیم ہارڈویئر والے کو کالا پل پر ٹارگٹ کیا جبکہ شبیر سبزی والے کو لائنزایریا میں دکان پر ہی قتل کیا گیا، ٹارگٹ کلنگ کی دونوں وارداتیں 2013 میں کی گئیں، مقتولین کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ یکم مارچ کو سی ٹی ڈی نے اہم کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکار سمیت ایم کیو ایم لندن کے تین ٹارگٹ کلرز گرفتار کیے تھے۔ گرفتار تینوں ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے، ملزمان ٹارچرسیل چلانے، جلاؤگھیراؤ اور بھتے کی وارداتوں میں ملوث تھے۔
https://zaraye.com/ctd-arrest-target-killers/
