راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے بویہ میں پاک فوج کی گاڑی پر فائرنگ اور بم حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک جوان شہید ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان پاک فوج کے اہلکار معمول کی گشت پر تھے کہ اسی دوران بویہ کے علاقے میں اہلکاروں کی گاڑی پر فائرنگ اور آئی ای ڈی سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں سپاہی عامل شاہ شہید ہو گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں گزشتہ کچھ عرصے کے دوران دہشت گرد کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے اور ایک ماہ کے دوران 5 سپاہی شہید اور 31 زخمی ہو چکے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خاڑ کمر چیک پوسٹ پر حملے کا واقعہ بھی دہشت گردوں کے سہولت کاروں کی گرفتاری کے باعث پیش آٰیا۔
