ریفرنس دائر کرنے والوں‌ کو چھٹی کا دودھ یاد دلا دوں گا، فضل الرحمان

کراچی: جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ اور متحدہ مجلس عمل کے رہنما مولانا فضل الرحمان نے حکومت اور نیب کے خلاف کھلا اعلان جنگ کردیا۔

ایک سوال کے جواب میں مولانا کا کہنا تھا کہ ’’کسی میں ہمت نہیں وہ ہمیں بلا سکے، نیب کے ریفرنس کی کوئی اہمیت نہیں، میں اُن کی فائلیں پھاڑ کر پھینک دوں گا اور اُن کے منہ پر دے ماروں گا‘۔

فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ میں نے شرافت اور اصولوں کی سیاست کی اس لیے کسی سے نہیں ڈرتا، نیب میں جرأت نہیں وہ مجھے بلائے حقیقی انصاف ہم کرینگے، میں نے اپنے اکابرین سے بہت کچھ سیکھا اور اُسی پر عمل پیر رہوں گا۔

متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ یہ وقت عوام پر کرب کا ہے ۔سیاسی قوت اگر آج عوام کے ساتھ کھڑی نہیں ہوگی تو پھر کب ہوگی ؟ ہم ریاستی اداروں کے خلاف نہیں لیکن ریاستی اداروں کو بھی سیاست کے بجائے ملکی سرحدوں پر نظر رکھنی چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ نیب اور کسی ادارے میں اتنی جرأت نہیں کہ وہ ہمیں بلائے ،میں نیب یا ان اداروں سے نہیں ڈرتا ، اگر میرے خلاف کوئی ریفرنس تیار کیا گیا تو ان کے سامنے اس ریفرنس کی دھجیاں بکھیر دوں گا، مجھے نیب نے طلب نہیں کیا اور کر بھی نہیں سکتا ، ہم انہیں انصاف کے ادارے نہیں مانتے ، حقیقی انصاف ہم کریں گے ۔

مولانا کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور آصف علی زرداری تقریباً ایک پیج پر ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ اویس نورانی کی رہائش گاہ پر عید ملن پارٹی کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔