عوام کو بجلی کا بڑا جھٹکا دینے کی تیاری

اسلام آباد، عوام کو ایک بار پھر بجلی کا جھٹکا دینے کی تیاریاں مکمل ہوگئیں۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی 21 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا کو ارسال کر دی جبکہ سابق وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر نے انکشاف کیا ہے کہ بجلی اور گیس مزید مہنگی ہوگی۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی جانب سے بھیجی گئی درخواست میں مئی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی اکیس پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی سفارش کی گئی، سفارش میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مئی میں بجلی کی پیداواری لاگت 5 روپے 26 پیسے فی یونٹ تھی جبکہ مئی کے بلوں میں ریفرنس فیول لاگت 5 روپے 5 پیسے فی یونٹ تھی۔ نیپرا کا کہنا ہے حکومتی درخواست پر فیصلہ 26 جون کو کیا جائے گا۔