کراچی: شہر قائد کے علاقے النور کی عوام کی جانب سے پانی چوری کی متعدد درخواستیں جمع کرانے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی جارہی، ذرائع کے مطابق النور اور انچولی کی عوام میں بڑے تصادم کا خطرہ ہے کیونکہ مقامی پولیس، واٹر بورڈ اور یوسی 26 خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق النور سوسائٹی بلاک 19 کے پانی کی چوری کا سلسلہ جاری ہے اور اس صورتحال میں بھی ایگزیکٹو انجینئر گلبرگ ٹاؤن پانی مافیا کے سامنے بے بس نظر آتے ہیں، روزآنہ رہائشی آبادی کا پانی بلاک 21 انڈسٹریل ایریا اور ناجائز کنکشن کے زریعے بلاک 20 کے فلیٹس اور مختلف آبادیوں کو فراہم کیا جارہا ہے۔
رہائشیوں کی جانب سے جمع کرائی جانے والی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انچولی بلاک 20 لطیف اسکوائر کا غیر قانونی وال کسی بھی بڑے تصادم کا باعث بن سکتا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مبینہ طور پر ایگزیکٹیو انجینئر ندیم خان، سب انجینئر ریحان سیفی، وائس چئیرمین یوسی 26 اور علاقہ کونسلر کی سرپرستی میں النور کا پانی خلاف ضابطہ بلاک 20 کو فراہم کیا جارہا ہے جس سے النور کا بڑا علاقہ پانی سے محروم ہے اور عوام کے اشتعال میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔

ذرایع کے مطابق اگر کوئی بھی ناخوش گوار واقعہ پیش آتا ہے تو اس کی براہ راست ذمہ داری واٹربورڈ اور وائس چیرمین یوسی 26 النور پر عائد ہوگی۔
