نوجوان صحافی اپنی ویب سائٹ بنا کر کیسے کمائیں؟‌ انتہائی مفید اور آسان طریقہ

کراچی : شہر قائد کے طالب علموں اور صحافیوں کو دورِ جدید کی تکنیکی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ’جاگ کراچی‘ میں ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے مصروف عمل فلاحی ادارے  ’’جاگ کراچی‘‘‘ میں منعقد ہونے والی ورکشاپ کے ٹرینر ڈیجیٹل صحافی سید فواد رضا اور مہمان مقرر معروف صحافی علی عمران جونیئر تھے۔

ورک شاپ کا عنوان ’ ہاؤ ٹو اون ویب سائٹ ‘ یا اپنی ویب سائٹ بنانے کا طریقۂ کار تھا،ایونٹ کے پہلے حصے میں فواد رضا نے صحافیوں کو ڈیجیٹل میڈیا انڈسٹری سے ہم آہنگ کرنے کے لیے لیکچر دیا جس میں انہوں نے بتایا کہ کس طرح ایک صحافی یا نوجوانوں کی ٹیم اپنی ویب سائٹ یا یوٹیوب چینل بنا کر نہ صرف ڈیجیٹل صحافت میں قدم رکھ سکتے ہیں بلکہ متبادل ذرائع معاش بھی اختیار کرسکتے ہیں۔

دوسرے حصے میں معروف تحقیقاتی صحافی علی عمران جونیئر نے اپنے کیریئر کے سفر پر روشنی ڈالی اور روایتی میڈیا سے ڈیجیٹل میڈیا میں آنے کا سبب بیان کیا اور میڈیا انڈسٹری میں موجود بحران سے نبرد آزما ہونے کے لیے انہوں نے کچھ مفید طریقے بھی بتائے۔

جاگ کراچی کا خصوصی اعلان

جاگ کراچی شہر قائد کے نوجوانوں کے لیے جلد ہی ایک میڈیا کورس بھی شروع کررہا ہے جسے انجام دے کر انتہائی واجبی فیس کے عوض نوجوانوں کو میڈیا انڈسٹری میں ہونے والے تمام کاموں پر عبور حاصل کرسکیں گے۔

اس مقصد کے لیے ادارہ اپنے ویب ٹی وی کے لیے استعمال ہونے والے تمام آلات بشمول کیمرہ ، لائٹس ، اسٹوڈیو اور ایڈیٹنگ کے لیے لازمی کمپیوٹرز تک طلبہ و طالبات کو رسائی دے گا۔

ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء اور مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ادارے کے صدر انجینئر عمیر وہا ب کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کی پوری ٹیم کراچی میں ایک مثبت ترقی کے لیے کوشاں ہے اور ان کا مقصد اس شہر کے انٹلیکچوئل تاثر کو دوبارہ قائم کرنا ہے۔ اس مقصد کے فروغ کے لیے جاگ کراچی کے دروازے دن رات اس شہر کے نوجوانوں کے لیے کھلے ہیں اور وہ ہمارے ساتھ مل کر بطور باشعور شہری اپنا فریضہ انجام دے سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: