بلدیہ شرقی (ڈسٹرکٹ ایسٹ) کی یونین کمیٹی 22کے کونسلرز مبینہ بھتہ خوری میں ملوث ، چیئرمین معیدانور بے بسی کی تصویر بن گئے، علاقہ مکینوں اور دوکانداروں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے
کراچی (اسٹاف رپورٹ ) سرکاری افسران و عملے پر کونسلرز کی مبینہ حرکتوں سے افسران میں شدید بے چینی پھیل گئی، دکانداروں نے الزام عائد کیا ہے کہ اُن سے کونسلرز مبینہ طور پر بھتہ وصول کررہے ہیں۔
یونین کمیٹی نمبر 22 بلدیہ شرقی کے 2 کونسلرز عاطف عرف عطواور عابد عرف مولی پر الزام عائد ہوا کہ وہ گلشن اقبال بلاک 16 میں واقع سیکڑوں دکانوں سے مبینہ بھتہ وصولی میں ملوث ہیں، گزشتہ دنوں بلدیہ شرقی کے محکمہ انسداد تجاوزات کے افسران و ملازمین چیرمین بلدیہ شرقی معید انور کی ہدایت پر دوکانوں اور ہوٹلوں کے اطراف ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کر رہے تھے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران کونسلرز اور ان کے ساتھی مبینہ طور پر اسلحہ لہراتے ہوئے آئے اور فوری طور پر آپریشن بند کر کے ضبط کیا گیا سامان واپس کرنے کی ضد کی جس پر افسران نے جواب دیا کہ ہم چیرمین بلدیہ شرقی کی ہدایت ہر قانونی کاروائی کر رہے ہیں آپ کی مداخلت غیر قانونی ہے۔
عینی شاہد کے مطابق منع کرنے پر درجن بھر شرپسند عناصر وہاں جمع ہوئے اور عملے سے بدتمیزی کا واقعپ پیش آیا، انہوں نے اسلحہ لہراتے ہوئے دھمکی دی کہ فورا آپریشن بند کرو اور یہاں سے دفاع ہوجاو، سرکاری افسران و عملہ عدم تحفظ کے باعث وہاں سے واپس ہو گیا اور جو سامان اٹھا یا تھا وہ گلشن اقبال زون لے آیا۔
اس حوالے سے جب محکمے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عبداللہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں اس حوالے سے کچھ بھی کہنے سے قاصر ہوں، یہ سرکاری معاملہ ہے اس لیے ہم اسے چیرمین معید انور اور میونسپل کمشنر کے گوش گزار کریں گے تاہم میں اس حوالے سے میڈیا پر کچھ کہنا نہیں چاہتا، اس صورتحال سے علاقہ مکینوں اور دوکانداروں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
علاقہ مکینوں اور دکانداروں نے چیئرمین ایسٹ معید انور سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ معاملے کو حل کرائیں شرپسند عناصر نے اُن کی جان چھڑائیں۔
