کراچی: جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں نامزد ملزمہ فریال تالپور نے تین کروڑ روپے کی ٹرانزیکشن کا اعتراف کرلیا۔
جیو نیوز کے مطابق جعلی اکاونٹس کیس میں جسمانی ریمانڈ کے دوران سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کا بیان سامنے آگیا، جس کے مطابق نیب نے تفتیش کے دوران فریال تالپور سے سوال پوچھا کہ آپ نے جعلی اکاؤنٹس سے تین کروڑ روپے اویس ٹپی کو دیے۔
فریال تالپور نے ہاں میں سر ہلاتے ہوئے کہا کہ یہ گنے کی فصل کی رقم تھی، مگر معلوم نہیں تھا کہ رقم جعلی اکاؤنٹس سے آرہی ہے۔ اس پر تفتیشی ٹیم نے ملزمہ سے سوال پوچھا کہ گنے کی فصل کی رقم کس شوگر مل نے ادا کی؟ پیپلز پارٹی کی رہنما نے جواب میں کہا رقم عبدالغنی مجید نے دی لیکن یاد نہیں کس شوگر مل سے آئی۔
فریال تالپور نے اپنے اعترافی بیان میں کہا کہ زرداری گروپ کے جوائنٹ وینچر سے مکمل لاتعلقی کرتی ہوں کیونکہ ناصر عبداللہ، یونس کوڈوادی، حسین لوائی سے یا پارک لین اسٹیٹ پرائیوٹ لمیٹیڈ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
تفتیشی ٹیم نے فریال تالپور سے استفسار کیا کہ اویس مصطفر نے آپ کا دیا تین کروڑ کا چیک کیش کرایا تاکہ ٹرانزیکشن کی ٹریل توڑ دی جائے۔
