اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ارکان قومی اسمبلی کے گوشواروں کی تفصیلات جاری کردیں جس کے مطابق پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اوربلاول بھٹو دبئی کے اقامہ ہولڈر ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 10 کروڑ 82 لاکھ 36 ہزار روپے سے زائد اثاثوں سے مالک ہیں جبکہ انہوں نے بنی گالہ زمین کو کاغذاتِ نامزدگی میں تحفہ ظاہر کیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق وزیراعظم نے اہلیہ بشریٰ بی بی کے اثاثوں کی تفصیلات بھی پیش کیں۔ جن کے مطابق بشریٰ بی بی کے نام پرپاک پتن میں چار سو اکتیس کنال اور اوکاڑہ میں 266 کنال اراضی ہے۔
ای سی پی کی تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے ڈالر، پاؤنڈ اسٹرلنگ اور یورو اکاؤنٹس بھی ہیں جبکہ وہ دو لاکھ کی چار بکریوں اور 6.2 مربع ذرعی سمیت کمرشل اراضی کے بھی مالک ہیں۔
سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری چھیاسٹھ کروڑ روپے مالیت کے اثاثوں کے مالک اور دبئی کے اقامہ ہولڈر ہیں، ان کی بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں ہے۔
آصف علی زرداری کے پاس ایک کروڑ کے گھوڑے اورجانور ہیں جبکہ بلاول بھٹو زرداری نہ صرف دبئی اقامہ ہولڈر ہیں بلکہ ایک ارب چون کروڑروپے سے زائداثاثوں کے ساتھ اسمبلی کے امیر ترین ارکان میں شامل ہیں۔
بلاول بھٹو کے دبئی میں دو ولاز میں حصص ہیں۔ اسی طرح اپوزیشن لیڈرشہبازشریف اٹھار کروڑ چھیانوے لاکھ روپے سے زائد کے مالک ہیں، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ساٹھ کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے پاس تین کروڑ اٹھاون لاکھ روپے کے اثاثے ہیں۔
