مولانا نے دھرنے سے بہت کچھ حاصل کرلیا، تحریک انصاف کے وزیر کا دعویٰ

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ سے بہت کچھ حاصل کرلیا، وہ اپوزیشن جماعت میں قائدانہ کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مارچ کے پر امن خاتمے پر تاثر بنے گا کہ مولانا لوگوں کو نکالنا اور واپس بھیجنا جانتے ہیں، حکومت مولانا فضل الرحمٰن سے مذاکرات پر پُراعتماد ہے اور ہم مسئلے کا حل نکالنے کی طرف بڑھ رہے ہیں، پیر نور الحق قادری نے کہا کہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی سے اچھے ماحول میں گفتگو ہو رہی ہے، دونوں طرف رویے بہت مثبت ہیں، جس کے باعث ہم کہہ سکتے ہیں کہ اچھے نتیجے تک جلد پہنچ جائیں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے قومی سیاست میں بہت بڑا پاور شو کیا ہے، ان کے لہجے میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے، مولانا کا رویہ کبھی گرم، کبھی سرد اور کبھی سخت رہتا ہے یہ معمول کی بات ہے، یہ بات بھی واضح ہے کہ مولانا نے ماضی مین ایک ایم سیاستدان کا کردار ادا کیا،کیونکہ وہ بات چیت کے راستے  کھلے رکھتے ہیں اور مفاہمت و مصالحت سے سیاست کرتے ہیں۔