عثمان بزدار پر تنقید کرنے والا شاعر گرفتار

ملتان: پنجاب پولیس ڈی جی خان کی تحصیل تونسہ میں کارروائی کر کے انقلابی شاعر محبوب تابش کو گرفتار کرلیا۔

جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق مقامی شاعر محبوب تابش کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف تقریر کرنے پر حراست میں لے لیا گیا تھا، ادیبوں اور شعراء کی تھانہ آمد کے بعد انہیں مشروط طور پر رہا کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ رات تونسہ میں اقبال سوکڑی نامی شاعر کی کتاب کی تقریب رونمائی منعقد ہوئی جس میں شرکت کرنے والے دیگر مقررین کے علاوہ مقامی شاعر اور پیپلز پارٹی کے رہنما محبوب تابش نے بھی تقریر کی تھی۔

محبوب تابش نے اپنی تقریر میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، لغاری سردار اور مزاری سردار میر بلخ شیر مزاری کے خلاف اپنی تقریر میں نازیبا الفاظ استعمال کیے۔ اس موقع پر تقریب میں موجود کچھ لوگ اٹھ کر مقرر سے جھگڑنے لگے، تقریب میں ملتان میں تعینات ایس پی ظفر بزدار بھی موجود تھے۔ ایس پی ظفر بزدار نے مقامی پولیس کو محبوب تابش کی گرفتاری کے احکامات دیئے، البتہ مقامی پولیس نے ان کی گرفتاری کی خبر کی تردید کی مگر پھر تھانے سے رہا بھی کیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے حالات کشیدہ ہونے کے پیش نظر مقامی شاعر محبوب تابش کو حفاظتی تحویل میں لے لیا تھا تاہم بعد میں شعراء اور ادیبوں کے تھانے آمد کے بعد ان کے حوالے کردیا تھا۔