کراچی: شہر قائد کے علاقے لانڈھی میں واقع بھینس کالونی کی رہائشی بچی چار روز قبل گھر سے دودھ لینے کے لیے باڑے گئی جس کے بعد وہ لاپتہ ہوگئی تھی، پولیس کو گزشتہ روز بچی کی لاش کنوئیں کے قریب سے ملی۔
والدین کے مطابق 8 سالہ بچی گھر سے برتن لے کر دودھ لینے کے لیے نکلی تھی لیکن واپس گھر نہ پہنچ سکی جبکہ اُس کا برتن باڑے میں ہی موجود تھا، پولیس نے کمسن بچی کی لاش کو باڑوں میں موجود ایک کنوئیں کے پاس سے برآمد کیا جس کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق بچی کا پوسٹ مارٹم کر لیا گیا ہے، جبکہ اس کے جسم سے حاصل ہونے والے کیمیکل نمونے لیبارٹری بھیج دیے گئے ہیں، رپورٹ کے بعد ہی زیادتی ہونے یا نہ ہونے کی تصدیق کی جاسکتی ہے۔
پولیس نے شبہہ میں دو ملزمان کو حراست میں لیا جن سے پوچھ گچھ کی گئی۔
