کراچی میں آج شام 4 بجے بسلسلہ ولادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا جلوس نکالا جائے گا، ٹریفک پولیس کی جانب سے متبادل روٹ کا اعلان کردیا گیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق گرومندر، سولجر بازار سے آنے والا ٹریفک سولجر بازار نمبر 1 سگنل سے سولجر بازار تھانہ گلی اور گارڈن باغیچہ کی طرف موڑ دیا جائے گا،جبکہ ٹاور، فریسکو، عید گاہ چوک سے ایم اے جناح روڈ آنے والے ٹریفک کو بھی متبادل راستہ دیا گیا ہے۔
ٹریفک کو ڈاکخانے سے بائیں جانب جوبلی سے نشتر روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا، زیب النساء اسٹریٹ سے ٹریفک پیراڈائز سگنل سے پاسپورٹ آفس یا لکی اسٹار کی طرف جاسکے گا۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ عوام زحمت اور پریشانی سے بچنے کے لیے نیو ایم اے جناح روڈ کا راستہ اختیار کریں۔
واضح رہے کہ ولادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا جلوس غفور چیمبر سے شروع ہو کر محفل شاہ خراساں پر اختتام پذیر ہوگا۔
