کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے قیام کو 36 برس کا عرصہ بیت گیا، کرونا وائرس کے پیش نظر تمام دھڑوں نے یوم تاسیس کی تقریبات کو مؤخر کر دیا ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے کرونا وائرس کے پیش نظر یوم تاسیس کی تقریبات کو بڑھا کر 28 مارچ کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا، اسی طرح لندن قیادت نے بھی یوم تاسیس کو ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تقریب کے لیے 21 مارچ کے دن کا انتخاب کیا۔
ایم کیو ایم کی دھڑے بندی کے بعد پاکستان کی قیادت چوتھا یوم تاسیس منا رہی ہے، اس ضمن میں کارکنان نے قیادت اور اپنے ساتھیوں کو مبارک باد کے پیغامات بھیجے۔
یاد رہے کہ آل پاکستان مہاجر اسٹوڈنٹ آرگنائزیشن (اے پی ایم ایس او) نے 18 مارچ 1984 کو کراچی کے نشتر پارک میں جلسے کا انعقاد کرتے ہوئے مہاجر قومی موومنٹ بنانے کا اعلان کیا تھا، بعد ازاں اس جماعت کو متحدہ قومی موومنٹ کے نام سے تبدیل کیا گیا۔
ایم کیو ایم حقیقی کے چیئرمین آفاق احمد اور کارکنان بھی 18 مارچ کو ہی یومِ تاسیس مناتے ہیں اور آئندہ کے لیے تجدید کرتے ہیں۔
