کرونا وائرس، کراچی میں اموات کی شرح تشویشناک حد تک بڑھ گئی ، کراچی میونسپل کارپوریشن نے خطرے کی گھنٹی بجادی ، جون کی دس تاریخ تک 1300 سے زائد اموات ، دس رمضان کے بعد صورت حال خراب ہوئی
کراچی: شہر قائد میں کرونا وائرس نے خطرے کی گھنٹی بجادی، کے ایم سی کی جانب سے قبرستانوں میں ہونے والی تدفین کے اعدادوشمار جاری کردئیے جس کے مطابق رواں ماہ کی دس تاریخ تک 1300 سے زائد افراد کی تدفین ہوئی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں کرونا وائرس سے اموات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا، کے ایم سی کی جانب سے قبرستانوں میں ہونے والی تدفین کے اعدادوشمار جاری کردئیے، کے ایم سی کے مطابق یکم جون سے 10 جون تک 1300 سے زائد اموات ہوئیں، گزشتہ سال جون کے 30 دنوں میں 2375 اموات رپورٹ ہوئی تھیں۔
کراچی: کرونا سے مرنے والوں کی تدفین کے لیے 5 قبرستان مختص، دیدار کی اجازت نہیں ہوگی، دو ٹوک فیصلہ
کے ایم سی حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں 40 فیصد اموات میں اضافہ ہوا ہے، 10 رمضان کے بعد سے صورتحال خراب ہوئی جبکہ کراچی میں قبرستانوں کی مجموعی تعداد 208 ہے۔
یاد رہے کہ کے ایم سی نے کرونا وائرس سے مرنے والے متاثرہ مریضوں کی تدفین کے لیے مختلف علاقوں میں پانچ قبرستان مختص کیے ہیں، دوسری جانب شہر قائد میں پراسرار بخار اور بیماری سے ہونے والی اموات میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے۔
