پالیسی مسترد، سندھ کا 2 سالہ ڈگری پروگرام جاری رکھنے کا اعلان
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے دو سالہ ڈگری پروگرام کو ختم کرکے چار سال کرنے کی پالیسی کو صوبائی خودمختاری پر حملہ قرار دے کر دو سالہ تمام پروگرامز جاری رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔ اس بات کا اعلان وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے بورڈز و جامعات نثار کھوڑو نے سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں اساتذہ نمائندوں اور این جی اوز کے عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حبیب جنید ی، شاہ علی القدر، ایس ایم طہ یعقوب چانڈیو اور دیگر بھی موجود تھے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ ہم وفاقی ایچ ای سی کی ان تمام پالیسیوں کو مسترد کرتے ہیں، مسئلہ مشترکہ مفادات کی کونسل (سی سی آئی ) میں بھی اٹھائیں گےاور 18ویں ترمیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کے سندھ کی تمام جامعات صوبے کے یونیورسٹی ایکٹ کے تحت صوبائی خودمختاری کو استعمال کرکے تمام دو سالہ ڈگری پروگرامز جاری رکھیں گے، صوبائی خودمختاری کو یقینی بنانے کے لیے آئین میں تاریخ ساز 18ویں ترمیم روز اول سے مرکزیت پسند عناصر کو کَھل رہی ہےاس لئے صوبائی ایچ ای سی کے باجود وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کا قیام بھی صوبائی خودمختاری کے خلاف ہے۔
