اٹھاسویں 28ویں، برسی پر راشد لطیف کا عظیم احمد طارق کوخراج تحسین
کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر راشد لطیف نے ایم کیو ایم کے کنونیئر عظیم احمد طارق کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
واضح رہے کہ آج یکم مئی کو عظیم احمد طارق کی برسی ہے۔ حیران کن طور پر ایم کیو ایم لندن، اور پاکستان کی جانب سے رواں سال کسی دعائیہ تقریب کا اعلان یا پریس ریلیز جاری نہیں کی گئی۔
ایم کیو ایم لندن کی انٹرنیشنل سیکریٹریٹ جبکہ ایم کیو ایم پاکستان 2016 کے بعد سے عارضی مرکز بہادر آباد پر برسی کے حوالے سے دعائیہ تقریب کا اہتمام کرتی ہے۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز وکٹ کیپر راشد لطیف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر عظیم احمد طارق کی برسی کے حوالے سے پیغام جاری کیا۔
اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ : “شہید بھی ہے، طارق بھی ہے اور عظیم بھی ہے”۔ اس جملے کے ساتھ انہوں نے یکم مئی 1993 کی تاریخ بھی درج کی۔
راشد لطیف کی اس ٹویٹ ہو ایم کیو ایم کے حامیوں نے پسند کیا جبکہ مخالفین نے اس پر اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔ مجموعی طور پر چار ہزار لوگوں نے اسے پسند یا ری ٹویٹ کیا۔ جبکہ 70 کے قریب صارفین نے کمنٹس بھی کیے۔
شہید بھی ہے طارق بھی ہے اور عظیم بھی ہے.
یکم مئی ۱۹۹۳
— Rashid Latif | 🇵🇰 (@iRashidLatif68) April 30, 2021