عباسی شہید اسپتال میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے کوویڈ 19- کے ٹیسٹ اور خصوصی وارڈ کا قیام

عباسی شہید اسپتال میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے کوویڈ 19- کے ٹیسٹ اور خصوصی وارڈ کا قیام

کراچی (نمائندہ خصوصی ) عباسی شہید اسپتال کی پیتھا لوجیکل لیبارٹری میں منگل کے روز 57 افراد کے کوویڈ 19- پی سی آر ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 24 مثبت اور 33 منفی نکلے، اس طرح کورونا مثبت کیسز کا تناسب 42 فیصد اور منفی کیسز کا تناسب 58 فیصد رہا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے ایک بار پھر شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شہر میں کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر انتہائی احتیاط سے کام لیں کیونکہ احتیاط بہرحال علاج سے بہتر ہے، عباسی شہید اسپتال میں روزانہ کی بنیاد پر کوویڈ 19- پی سی آر ٹیسٹ کئے جارہے ہیں۔

جس کے نتائج کی روشنی میں سینئر اور تجربہ کار پروفیسرز اور ڈاکٹرز کی مشاورت سے کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی شرح سے نمٹنے کی حکمت عملی اپنائی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے کوویڈ 19- کے ٹیسٹ اور خصوصی وارڈ کے قیام کا مقصد موجودہ صورتحال میں اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہے۔

عباسی شہید اسپتال میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج کے لئے تمام سہولیات سے آراستہ 77 بیڈز پر مشتمل کورونا وارڈہمہ وقت شہریوں کے خدمت کے لئے حاضر ہے جہاں 18 وینٹی لیٹر، انتہائی نگہداشت کا یونٹ اور دیگر تمام سہولیات دستیاب ہیں۔

کوویڈ وارڈ میں سینئر پروفیسرز، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف 24 گھنٹے مریضوں کی خدمت کے لئے موجود ہے،کوویڈ وارڈ کو ہر ممکن بہتر اور جدیدبنانے کے لئے اقدامات جاری رہیں گے اور جدید طبی تحقیق کی روشنی میں مزید مشینری اور آلات کا اضافہ بھی وقتا فوقتا کیا جاتا رہے گاتاہم اس کے لئے شہریوں کا تعاون بے حد ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ عباسی شہیداسپتال کراچی کا تیسرا بڑا اسپتال ہے جو شہر کی بہت بڑی آبادی کو مختلف بیماریوں کی تشخیص اور علاج معالجے کی سہو لیات نہایت کم قیمت پر فراہم کرتا ہے، اس اسپتال کو موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے پیتھالوجیکل لیبارٹری کو جدید بنایا گیا ہے اور کوویڈ وارڈ میں وینٹی لیٹرز کی تعداد مزید بڑھائی جارہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مریض بیک وقت اس سہولت سے مستفید ہوسکیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام وسائل اس مقصد کے تحت بروئے کار لائے جارہے ہیں اور ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل عملے کو ہر طرح سے 24 گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے تاکہ شہر کے دیگر اسپتالوں میں گنجائش نہ ہونے پر یہاں آنے والے مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: