ترقیاتی کاموں کیوجہ سے شہریوں‌ کی زندگی اجیرن نہ ہو، ایڈمنسٹریٹر کراچی

ریڈ لائن بی آر ٹی پروجیکٹ کے لئے بنائے گئے ٹریفک مینجمنٹ پلان پر نظر ثانی کی جائے تاکہ شہریوں کو دشواریوں سے محفوظ رکھا جاسکے

ایڈمنسٹریٹر کراچی کی ریڈ لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ پروجیکٹ کے متعلق اجلاس کی صدارت

ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ الہ دین پارک کے حوالے سے سپریم کورٹ کے واضح احکامات ہیں کہ پارک کی جگہ کو کمرشل یا دیگر سرگرمیوں کے لئے استعمال نہیں کیا جاسکتا لہذا اس حقیقت کو پیش نظر رکھا جائے اور ریڈ لائن بی آر ٹی پروجیکٹ کے لئے بنائے گئے ٹریفک مینجمنٹ پلان پر نظر ثانی کی جائے تاکہ شہریوں کو دشواریوں سے محفوظ رکھا جاسکے،

یہ بات انہوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر میں ریڈ لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ پروجیکٹ کے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروس اظہر حسین شاہ، چیف انجینئرعبدالرزاق جونیجو، ریڈ لائن بی آر ٹی پروجیکٹ پر کام کرنے والی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر واصف اجلال، جنرل منیجر ڈاکٹر سید مرتضی بخاری اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے اجلاس کے دوران ریڈ لائن پروجیکٹ کے لئے بنائے گئے ٹریفک مینجمنٹ پلان اور ریڈ لائن کے روٹ کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور کہا کہ ماس ٹرانزٹ پروجیکٹ کسی بھی شہر کے لئے اہمیت کے حامل ہیں اور ان کے ذریعے شہریوں کو جدید اور باسہولت ٹرانسپورٹ کی سہولت دستیاب ہوتی ہے لہذا ان کی ضرورت سے انکار نہیں کیا جاسکتا تاہم شہر کے وسیع تر مفاد کو ضرور مقدم رکھا جائے اور پوری کوشش ہونی چاہئے کہ پروجیکٹ پر عملدرآمد کے دوران شہری زندگی کم سے کم متاثر ہو اور اطراف میں مسائل پیدا نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی کے لئے یونیورسٹی روڈ اور ملحقہ علاقے کا انتخاب کیا گیا ہے جہاں ٹریفک کا دبا بہت زیادہ رہتا ہے، یہ انتہائی اہم کوریڈور ہے جہاں متعدد تفریحی مقامات اور کاروباری مراکز واقع ہیں جہاں بڑی تعداد میں شہریوں کی آمدورفت جاری رہتی ہے

، اس لئے بہتر ہوگا کہ ان تمام چیزوں کو پیش نظر رکھا جائے، انہوں نے کہا کہ راشد منہاس روڈ پر کے ایم سی کے زیر انتظام الہ دین پارک کو جناح پارک کے طور پر دوبارہ تعمیر کیا جا رہا ہے جہاں شہریوں کو پہلے سے بہتر اور اعلی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، بلدیہ عظمی کراچی اس حوالے سے اقدامات کر رہی ہے اور ہماری پوری کوشش ہے کہ شہر میں جہاں بھی پارکس یا تفریحی مقامات دستیاب ہیں انہیں شہریوں کے لئے بہتر سے بہتر بنایا جائے

اپنا تبصرہ بھیجیں: