کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اہل کراچی شہر میں امن و امان، تحفظ، مسائل کا حل اور اپنا جائز اور قانونی حق چاہتے ہیں،مسلح ڈکیتیوں اور اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لیے محکمہ پولیس میں کراچی کے مقامی باشندوں کو بھرتی کیا جائے۔
ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ترقیاتی کاموں اور سڑکوں کی استر کاری کے لیے مختص بجٹ میں کرپشن و نااہلی ختم کی جائے، وفاقی و صوبائی حکومتوں کی نا اہلی و کرپشن اور حکمران پارٹیوں کی اقتدار کی ہوس اور سیاسی بندر بانٹ نے شہر کو تباہ و برباد کیا ہے اور آج بھی حکومتی عہدوں کے لیے عوامی مینڈیٹ اور کراچی کے مفادات کو پس پشت ڈال کر سودے بازی کی جا رہی ہے،، مردہ گھوڑوں میں جان ڈالنے کے لیے بلدیاتی انتخابات کے التواء سے باز رہا جائے اور 15جنوری کو انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے اور ہر پولنگ اسٹیشن پر فوج اور رینجرز کو تعینات کیا جائے۔
حافظ نعیم الرحمن نےعیدگاہ گراؤنڈ کورنگی ساڑھے تین نمبر میں فیملی فیسٹیول سے بھی خطاب کیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی‘ صوبہ سندھ کے بجٹ کو تقریباً 95فیصد حصہ فراہم کرتا ہے لیکن گزشتہ 14برس میں سندھ حکومت نے کراچی کا عملاً کوئی پروجیکٹ اور منصوبہ مکمل نہیں کیا۔ اس عرصے میں تقریباً 6ہزار ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا جو کہاں خرچ کیا گیا کسی کو معلوم نہیں؟ سندھ حکومت کو اس کا حساب دینا ہو گا۔
