کراچی: ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ شہر کی حالت ٹھیک کرنے کے لئے دن رات کام کرنا ہے، پلوں، فلائی اوورز کے نیچے تجاوزات کاخاتمہ اور سڑکوں پر پڑے ہوئے گڑھے اور فٹ پاتھوں کی فوری مرمت کی جائے، تجاوزات کے خلاف پورے شہر میں ہنگامی بنیادوں پر مہم چلائی جائے،کام کی رفتار تیز کی جائے تاکہ جلد سے جلد شہر کی حالت کو بہتر کیا جا سکے، شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر تمام اقدامات کیے جائیں گے۔
کراچی کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورے پر انہوں نے کہاکہ شہر کے ساتوں اضلاع کا تواتر کے ساتھ تفصیلی دورہ کروں گا تاکہ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جاسکے، ہدایات پر بلاتاخیر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جو کام ہوں وہ ہوتے ہوئے نظر آنے چاہئیں، کاسمیٹک نہیں بلکہ ٹھوس کام کرنے ہیں جن سے شہریوں کو جلد از جلد سہولیات میسر آسکیں۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز اظہر علی شاہ،ڈائریکٹر جنرل پارکس جنید اللہ خان، ڈائریکٹر انسداد تجاوزات عمران راجپوت، ڈائریکٹر سٹی وارڈن راجہ رستم،چیف انجینئر الیکٹریکل ورکس عباس شاہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن تین ہٹی، لیاقت آباد، فیڈرل بی ایریا، سہراب گوٹھ اور سرجانی ٹاؤن گئے اور مختلف مقامات پر سڑکوں، فٹ پاتھوں، گرین بیلٹس، چورنگیوں،سروس روڈ اور اسٹریٹ لائٹس کا معائنہ کرکے افسران کو موقع پر ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع وسطی کراچی کا ایک بڑا اور اہم ضلع ہے جہاں مختلف بڑی سڑکیں واقع ہیں اور دن رات سینکڑوں گاڑیوں کی آمدورفت جاری رہتی ہے لہٰذا ان سڑکوں کو موٹر ایبل بنانے کے لئے ضروری ہے کہ جہاں بھی سڑکوں پر گڑھے پڑے ہیں یا فٹ پاتھ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں انہیں ہنگامی بنیادوں پر کام کرکے ٹھیک کیا جائے، سڑکوں کے اطراف اور گرین بیلٹ سے بھی تجاوزات کو ختم کیا جائے، سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم ہر قسم کی پختہ اور غیر پختہ تعمیرات اور رکاوٹوں کو ختم کیا جائے تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم کی جاسکے۔
