کراچی (اسٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ کے واضح احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے شہر بھر میں قبضہ مافیا اور ناجائز تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ادارہ ترقیات کراچی محکمہ انسداد و تجاوزات نے بڑے پیمانے پر قابضین کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے سرکاری اراضیوں کو واگزار کراکے نگرانی نظام متعارف کرادیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید محمد علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ کے عملہ نے سرجانی ٹاؤن سیکٹر 6C میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے بکنگ آفس سمیت متعدد باؤنڈری وال، سرجانی ٹاؤن سیکٹر7A میں باؤنڈری وال کو مسمار کیاگیاجبکہ سرجانی ٹاؤن سیکٹر7D اورسیکٹر10,13,14,15 میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بھاری مشینری کے ذریعہ آپریشن جاری ہے۔ کے ڈی اے کے محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ کے ہمراہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہل کار بھی شامل تھے۔
آپریشن کے دوران سرجانی ٹاؤن سیکٹر 6C میں کے ڈی اے کے محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ کو قابضین کی جانب سے مزاحمت کا سامنا رہا، ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید محمد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر من و عن عمل کیا جائے گا اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران کسی قسم کی مداخلت کو برداشت اور کسی بھی قسم کے دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔
ڈی جی کے ڈی اے کا مزید کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران مزاحمت کرنے والے قابضین کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ آپریشن کی نگرانی محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد شہزاد نے کی۔
