کراچی: کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنرزنے آٹا کے سرکاری نرخُ نافذ کرنے کیلئے شہر کے 85 دکانداروں کیخلاف کارروائی کی،8 دکانداروں کو گرفتارکیا گیا ہے جبکہ مجموعی طور پرتین لاکھ 97 ہزارروپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
تمام ڈپٹی کمشنرز نے آٹا کے نرخ کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کیخلاف کارروائی کی رپورٹ کمشنرکو پیش کی جسکے مطابق ضلع جنوبی میں 24 دکانداروں،ضلع شرقی میں 30،ضلع غربی میں 11،وسطی اورملیر اضلاع میں دس دس دکانداروں کیخلاف کارروائی کی گئی،ضلع جنوبی میں دو لاکھ بائیس ہزارروپے جرمانہ عائد کیا گیا اورتین کو گرفتار کیا گیا۔
ضلع شرقی میں ایک لاکھ دس ہزارروپے جرمانہ اورتین افراد گرفتار کئے گئے،ضلع ملیر میں دو دکاندار گرفتار اورتیس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا،وسطی میں دس ہزارروپے جرمانہ عائد کیا گیا،کمشنرکراچی محمد اقبال میمن نے آٹا کے نئے نرخ نافذ کرنیکی مہم جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
