بلدیاتی حکومت کا قیام : جماعت اسلامی اور ن لیگ میں بات چیت

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی سے کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر پر بات نہیں ہوئی، سب سے زیادہ ووٹ اور سیٹیں ہماری ہیں، ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے خلاف نہیں لیکن الیکشن کمیشن کے سامنے ہونی چاہیئے۔

امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے اتوارکومسلم لیگ ن کے صوبائی صدر شاہ محمد شاہ سے صوبائی سیکرٹیریٹ میں ملاقات کی۔م

لاقات میں کراچی کی تعمیر وترقی اور مسائل کے حل کے حوالے سے باہم مل کرکام کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔حافظ نعیم الرحمن نے شاہ محمد شاہ سے درخواست کی کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے باقی تمام پارٹیوں سے متحد ہوکر کام کرنے حوالے سے بات چیت کریں۔شاہ محمد شاہ نے اس موقع پر یقین دہانی کروائی کہ مسلم لیگ کی مقامی قیادت تمام پارٹیوں کو متحد کرنے کے لیے رابطے کرے گی۔ملاقات میں رکن قومی اسمبلی کھیل داس کوہستانی، ایڈیشنل سکریٹری سندھ چوہدری محمد طارق ودیگر بھی موجود تھے۔

جماعت اسلامی کے وفد میں نائب امراء جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی اورمسلم پرویز بھی موجو دتھے۔بعد ازاں حافظ نعیم الرحمن نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم مسلم لیگ ن کے صوبائی سیکریٹریٹ میں شاہ محمد شاہ سے ملنے آئے ہیں اور ہم نے گزارش کی ہے کہ مسلم لیگ ن جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر شہر کی تعمیر وترقی کے لیے کام کرے اور باقی تمام پارٹیوں سے بھی کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے متحد ہونے کے لیے رابطہ کرے،ہمیں امید ہے کہ شاہ محمد شاہ شہرکی بہتری میں اپنا کردار اد ا کریں گے۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات بہت مشکل سے منعقد ہوئے جس کے نتائج میں تمام ہی پارٹیوں کو تحفظات ہیں لیکن فی الحال مل جل کر شہر کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے،بلدیاتی انتخابات کے موقع پر جس طرح تلخی نظر آئی،اگر ایسی ہی صورتحال برقراررہی تو شہر کے مسائل حل نہیں ہوسکیں گے۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ کراچی کامیئر تو جماعت اسلامی کا ہی ہوگا،پیپلزپارٹی سے فی الحال میئر شپ کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی ہے، 6نشستوں کافیصلہ آنے کے بعد ہم بات کریں گے،رزلٹ میں جس کی جو پوزیشن ہوگی اسے قبول کیا جائے گا،ہم نے ری کاؤٹنگ کے لیے الیکشن کمیشن کو تحریری درخواست دے دی ہے اور ہمارامطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن خود اپنی نگرانی میں دوبارہ گنتی کروائے آراوز اور ڈی آراوز کے ذریعے دوبارہ گنتی کسی صورت قبول نہیں کی جائے۔

مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر شاہ محمد شاہ نے حافظ نعیم الرحمن و دیگر ذمہ داران کا سندھ سیکرٹریٹ میں خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ ہماری خواہش ہے کہ ہم سب مل کر کراچی کی بہتری کے لیے کام کریں،مسلم لیگ ن جمہوری جماعت ہے اور جمہوریت پر یقین رکھتی ہے،جماعت اسلامی مبارکباد کی مستحق ہے کہ جس نے کراچی میں بڑی تعداد میں ووٹ حاصل کیے اور ہم جماعت اسلامی کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں اور ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: