اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف لڑتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار 20 دسمبر کو بنوں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے ورثاء سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے شہداء کے ورثا سے اظہار افسوس کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے تک اپنے مشن سے نہیں ہٹیں گے۔انہوں نے شہداء کو ان کی بہادری ، فرض شناسی اور قوم کیلئے قربانی پر خراج عقیدت پیش کیا۔
صدر مملکت نے سپاہی بابر ایوب اور لانس نائیک حلیم کے ورثاء سے ٹیلی فون پر بات کی ،شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور قوم کیلئے ان کی خدمات کو سراہا۔ صدر مملکت نے شہداء کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا اور ان کے صبر جمیل کیلئے دعا کی۔
