کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے التواء کے لیے سندھ حکومت اور حکمران پارٹیوں پیپلز پارٹی و ایم کیو ایم کے غیر جمہوری و غیر قانونی طرز عمل اور خلاف آئین اقدامات کا نوٹس لیں، کراچی کے عوام کا آئینی و قانونی اور جمہوری حق ہے کہ بلدیاتی انتخابات شیڈول کے مطابق 15جنوری کو ہی کروائے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن سندھ حکومت کے خط کی پروسیڈنگ کرے تو اس کی ذمہ داری ہے کہ دیگر اسٹیک ہولڈرز جماعتوں کو بھی بلائے،پیپلزپارٹی آج تک لسانی سیاست کررہی ہے،مردم شماری پرجماعت اسلامی نےاہل کراچی کی حقیقی ترجمانی کی، پیپلز پارٹی اب حلقہ بندیوں کو جواز بنا رہی ہے تو وہ بتائے کہ اس نے اتنے عرصے میں حلقہ بندیاں کیوں نہیں کروائیں، پیپلز پارٹی ایک بار پھر زرداری پیکیج استعمال کر کے ایم کیو ایم جیسے مردہ گھوڑے میں جان ڈالنا چاہتی ہے۔
