اسلام آباد: آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں کی زیر صدارت رات گئے سکیورٹی کیلئے اعلیٰ سطح اجلاس کےبعدخصوصی سکیورٹی پلان کا اجراکر دیا گیا ہے۔
اسلام آبا د کی سکیورٹی کو مزید موثر بنانے کے لئے داخلی و خارجی راستوں سمیت 25 مقامات پر عارضی حفاظتی چیک پوسٹس قائم کردی گئی ہیں۔
ریڈ زون اور ڈپلومیٹک انکلیو میں آنے والے افراد اور گاڑیوں کی نگرانی سیف سٹی اسلام آباد کے جدید کیمروں سے کی جائے گی اور ان کی ریکارڈنگ کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
شہر بھر میں غیر نمونہ نمبر پلیٹ اور غیر رجسٹر ڈگاڑیوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں مقیم غیر ملکی شہریوں کو تلقین کی گئی ہے کہ وہ شناختی دستاویزات پاس رکھیں۔ شہریوں کو خصوصی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کرایہ داروں اور ملازمین کا اندراج قریبی پولیس سٹیشن یا خدمت مراکز پر کرائیں۔ وہ شہری جنہوں نے غیر رجسٹرڈ مقامی یا غیر ملکی ملازمین رکھے ہوئے ہیں ان کو شامل تفتیش کیا جائے گا۔
