اسلام آباد:پاکستان میں 8 ماہ سے امپورٹ پر عائد سخت ترین پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری نئے سرکلر کے مطابق درآمدات پر عائد 8 ماہ سے سخت ترین پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مرکزی بینک نے مئی اور جولائی میں جاری کئے گئے اپنے سرکلر واپس لے لئے ، 2 جنوری سے نئی ہدایات پر عملدرآمد کا سرکلر نمبر 20 مجاز فارن ایکسچینج ڈیلرز کو جاری کیا گیا ہے۔نئے سرکلر میں کہا گیا ہے گندم، کوکنگ آئل، فارماسیوٹیکل، جان بچانے والی ادویات اور سرجیکل آلات کی درآمد کیلئے سب سے پہلے ڈالر دیئے جائیں۔ پٹرولیم مصنوعات، گیس اور کوئلے کی درآمد کیلئے ترجیحا ڈالرز فراہم کئے جائیں، برآمدی صنعتوں کے خام مال اور پرزہ جات کی درآمد کیلئے بھی ڈالر فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،زرعی شعبے کیلئے کھاد، بیج اور کیڑے مار ادویات کی درآمد کی بھی اجازت دیدی گئی
سرکلر کے مطابق درآمدات پر پابندی کے حوالے سے بنائے گئے چیپٹر 84، 85 اور 87 ختم کردیئے گئے ہیں۔
سرکلر کے مطابق سٹیٹ بینک نے درآمدات کو ترجیح دینے کے حوالے سے 5 کیٹیگریز بنادیں جن میں لازمی اشیاء، انرجی، صنعتوں کے پرزہ جات، زرعی درآمدات اور مؤخر ادائیگی والی درآمدات شامل ہیں۔
