کراچی : وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ میں گندم کی کوئی قلت نہیں،مارچ تک کیلئے گندم کا وافرذخیرہ موجود ہے،سندھ ملک کا واحد صوبہ ہے جہاں آٹا 65 روپے فی کلو دے رہے ہیں، جس پرسندھ حکومت نے اربوں روپے کی سبسڈی دی ہوئی ہے۔
یہ بات انہوں نے سندھ آرکائیوزکمپلیکس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی،انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے صوبے بھر1100 مقامات پرآٹے کی فراہمی یقینی بنائی جس میں موبائل وین اور اسٹالزشامل ہیں اورجہاں بھی شکایات ہیں ان کیلئے نمبرزدے دیئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل بی بی کی پندرہویں برسی میں ملک بھرسے لاکھوں جیالوں اورعوام نے شرکت کی،عمران خان نے اپنی ناقص خارجہ پالیسی کی وجہ سے پاکستان کو پوری دنیا میں تنہا کردیا تھا جس میں بہتری لانے میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انتھک محنت کی،انہوں کہا وزیراعلیٰ پنجاب کے معاملے پرپاکستان پیپلزپارٹی پربے بنیاد الزامات لگائے گئے،یہ پی ٹی آئی کا پرانا وطیرہ ہے،ممبران کی خرید وفروخت پی ٹی آئی خود کرتی رہی ہے،عمران خان کی آڈیو بھی آئی تھی جس میں وہ ممبران خریدنے کا اعتراف کرتے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے ممبران کی خریداری کی آڈیو بھی چلائی،انہوں نے کہا صدرعارف علوی نے انٹرویو میں تسلیم کیا ہے کہ جنرل باجوہ نے 2018 کے عام انتخابات اورسینیٹ میں پی ٹی آئی کی مدد کی ہے،توشہ خانہ کا سب سے بڑا ڈاکو عمران خان ہے جس نے گھڑیاں اورقالین تک نہیں چھوڑے،عمران خان صرف اورصرف ملک میں افراتفری پھیلانا چاہتا ہے،نااہل ترین شخص کا دھیان پیسہ بٹورنے اورکرپشن پررہا،عمران اہم اداروں کو متنازع بنانے میں ملوث رہا۔
انہوں نے کہا کہ علی زیدی نے کل ثقافتی لباس پہن کرپریس کانفرنس کی،انکی اپنی حیثیت کیا ہے،علی زیدی کونسلرکا الیکشن ہارگئے تھے لیکن بعد میں ایم این اے اوروفاقی وزیر بن گئے،انہوں نے علی زیدی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگربی بی زندہ ہوتیں تو عمران خان کبھی وزیر اعظم نہیں بنتے،انہوں نے عمران خان کو چیلنج کیا کہ اگرہمت ہے تو کے پی اسمبلی توڑیں۔
