اسلام آباد، بیجنگ : ملک بھر میں24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے26کیس رپورٹ ہوئے۔ قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) کی جانب سے گزشتہ روز جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 3ہزار488کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے26 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ، اس دوران کورونا وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ14مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
دنیا بھر میں کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر پاکستان میں بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی سکریننگ دوبارہ سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
بارڈر ہیلتھ سروسز پاکستان نے سکریننگ سخت کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا۔ اعلامیے کے مطابق پاکستان کے تمام ایئرپورٹس پر مسافروں کی سخت نگرانی کی جائے، ہر فلائٹ کے 2 فیصد مسافروں کی ہر صورت سکریننگ کی جائے گی۔
چین میں کورونا کی نئی لہر کے دوران ہسپتال اور مردہ خانے بھر گئے ۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں کورونا کی نئی شکل کا ویرینٹ تیزی سے دیگر ممالک میں بھی پھیل رہا ہے جس کے باعث کئی ممالک چین پر سفری پابندیوں کے قوانین کے نفاذ پر غور کر رہے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک دن میں لاکھوں افراد متاثر ہو رہے ہیں۔
چین نے سرکاری سطح پر یومیہ کیسز کی تعداد بتانے سے گریز کیا ہے ۔گورکن کا کہنا تھا کہ اوسطا دن میں 200 مردوں کو دفنا رہے ہیں۔ کھانا کھانے کا بھی وقت نہیں مل رہا ، صورت حال بہت پریشان کن ہے۔
کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں سے متعلق چین کی حکومت سے ای میل کے ذریعے معلومات مانگیں لیکن کوئی جواب نہیں آیا ۔
