بلوچستان کے ایک اور شہر میں داڑھی کے ڈیزائن پر پابندی

بلوچستان کے شہر اوڑماڑہ کے بعد خاران میں بھی داڑھی کے ڈیزائن بنانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور مقامی انتظامیہ نے حجاموں کو متنبہ کیا ہے کہ خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

اسسٹنٹ کمشنر خاران محمد بخش ساجدی کے دستخط سے 29 مئی کو جاری ہونے والے لیٹر میں پابندی کا اطلاق کیا گیا ہے۔

اس لیٹر میں کہا گیا ہے کہ تمام حجاموں کو سختی سے پابندی کی جاتی ہے کہ وہ داڑھی کے ڈیزائن نقش وغیرہ کسی صورت میں نہ بنائیں۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق یہ ڈیزائن اسلامی روایت کے برعکس ہیں اور تمام ملکی و غیر ملکی علما نے اس کی مخالفت کی ہے۔

حجاموں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ سادہ داڑھی بنائیں اور ڈیزائن نہ بنائیں خلاف ورزی پر سخت جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

اسسٹنٹ کمشنر محمد بخش ساجدی نے بی بی سی کو بتایا کہ مقامی مولوی نے شکایت کی تھی کہ ڈیزائن بنا کر داڑھی کی توہین کی جارہی ہے، جس پر انھوں نے پابندی کا یہ نوٹیفیکیشن جاری کیا لیکن بعد میں انھوں نے یہ واپس لے لیا کیونکہ حکومت کی ہدایت تھی کہ ایسا کوئی قانون موجود نہیں۔

داڑھی، فائل فوٹو

اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ بطور میجسٹریٹ ان کے پاس یہ اختیارات موجود ہیں کہ وہ پابندی لگا سکتے ہیں تاہم بعد میں انھوں نے تمام حجاموں کو میٹنگ میں طلب کرکے زبانی احکامات جاری کیے۔

خاران ضلعی ہیڈ کواٹر ہے، جس کی آبادی سات ہزار سے زائد ہے اور یہاں 20 کے قریب حجاموں کی دکانیں ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق یہ پابندی ضلعے تک نہیں صرف شہر کی حد تک ہے کیونکہ ڈیزائن صرف شہروں میں بنائے جاتے ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے اوڑماڑہ میں میونسپل کمیٹی نے حجاموں کو داڑھیوں کے ڈیزائن نہ بنانے کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا کہ داڑھی میں اسلامی کٹ بنایا جائے۔

میونسپل اوڑماڑہ کے چیئرمین عامر اقبال کا کہنا تھا کہ ایک اجلاس جس میں دکانداروں کے علاوہ حجام بھی شریک تھے میں حجاموں کو ہدایت کی گئی کہ داڑھی کی توہین نہ کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: