اسلام آباد : اسلام آباد میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر سکیورٹی ریڈ الرٹ کردی گئی ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ممکنہ خودکش بمبار کی تصویر بھی جاری کردی ہے۔ذرائع کےمطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انٹیلی جنس ذرائع سے اطلاع ملی کہ ممکنہ دہشتگرد ذاکر خان ولد لائق جس کا تعلق خیبر پختو نخواسے ہے، دہشت گردی کے لئے وفاقی دارالحکومت میں داخل ہونے کی کوشش کرے گا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ممکنہ دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر پولیس کو رپورٹ دی جس کے بعد اسلام آباد میں حفاظتی اقدامات سخت کردیئے گئے ہیں۔
ممکنہ دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کی سکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے بیرونی گیٹ پر ایف سی کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے اور ساتھ ہی غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بھی مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق اسلام آباد میں مختلف مقامات پر چیکنگ کی جارہی ہے ،پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سخت چیکنگ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کی جا رہی ہے۔
