عمران نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو خوش آئند قراردے دیا

اسلام آباد ،لاہور:پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے تاکید کی ہے کہ اسلام آباد کے عوام بلدیاتی انتخابات میں بھرپور شرکت کریں،الیکشن سے متعلق عدالتی فیصلہ خوش آئند ہے جبکہ تحریک انصاف نے مہنگائی کیخلاف احتجاجی تحریک شروع کر دی ۔

عدالتی فیصلے پر عمران خان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے عدالتی حکم پر اسلام آباد کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، عدالتی فیصلے کے نتیجے میں اسلام آباد کے عوام ووٹ کے ذریعے اپنی مقامی حکومت منتخب کر پائیں گے، ملک کی بدقسمتی ہے کہ ملک پر مسلط کرپٹ ٹولے کے ساتھ الیکشن کمیشن بھی ملا ہوا ہے، الیکشن کمیشن ہمیشہ ان چوروں کی حمایت کر کے جمہوریت کے خلاف فیصلے کرتا ہے، اللہ کا کرم ہے کہ معززعدالتیں ہمیشہ الیکشن کمیشن کے غیر قانونی فیصلوں کو مسترد کر دیتی ہیں ، کرپٹ ٹولہ ہمیشہ انتخابات سے راہِ فرار اختیار کرتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ چوروں کی کوشش صرف اور صرف ملک پر اپنا قبضہ برقرار رکھنے کی ہے، ملک پر قبضہ مسلط رکھنے کے لئے یہ ہارس ٹریڈنگ اور کرپشن کے پیسے سے ضمیروں کی منڈیاں لگاتے ہیں۔

عمران کاکہنا تھاکہ اس مافیا کے پاس اب کوئی راستہ نہیں بچا، عوام ان کو بری طرح مسترد کر چکے ہیں