بلاول کا کراچی میں 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کا اعلان

کراچی :چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں بلدیاتی نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال میں کارکنوں نے وہ کام کر کے دکھایا جس کا وعدہ کیا تھا، کارکن لانگ مارچ کے ذریعے اسلام آباد پہنچے، اسلام آباد پہنچ کر ناکام وزیراعظم کو جمہوری طریقے سے گھر بھیجا، ہم سلیکٹڈ راج کے خلاف نکلےتھے، سلیکٹڈ کو گھر بھیجنا کارکنوں کی جیت ہے، پہلے آمریحییٰ خان کا مقابلہ کیا، مشرف کو بھگایا اور پھر کٹھ پتلی کو نکالا۔

انہوں نے کہا جب بھی مقابلہ ہو گا جیت سچ کی ہو گی، جب بھی مقابلہ ہو گا تو کٹھ پتلیوں، سلیکٹڈ کو شکست اور جمہوری قوتوں کی فتح ہو گی، اس وقت ملک مشکل میں ہے، عمران کی نفرت کی سیاست نے جمہوریت، معاشرے، معیشت کو نقصان پہنچایا، اگر ہم نے مشکل سے نکلنا ہے تو شہید بھٹو کا منشور سامنے ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا پیپلز پارٹی کی سب سے بڑی طاقت یکجہتی کی سیاست ہے، ہم نےاسی یکجہتی کے ساتھ پورے ملک کو چلانا ہے، مراد علی شاہ اور ان کی ٹیم کی محنت کو سراہتا ہوں، مجھے اکثر کہا جاتا ہے مراد علی شاہ صرف کراچی کے وزیر اعلیٰ ہیں، جتنے کام مراد علی شاہ نے کراچی میں کئے، تاریخ میں کسی وزیراعلیٰ نے نہیں کئے،ماضی میں بندوق، دہشت کے خوف سے پیپلز پارٹی کے ووٹرز کو دبا کر مصنوعی مینڈیٹ لایا جاتا تھا، کراچی کے جیالے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا پہلے ہم شکایت کرتے تھے کہ ہم سے الیکشن کا موقع چھینا جا رہا ہے،15جنوری کو کراچی میں انتخابات ہونگے،لوکل الیکشن میں جو بھی جیتیں گے ،ہم قبول کرینگے،جو کراچی کا اگلا میئر ہو گا، وہ اسی میدان میں بیٹھا ہے۔

انہوں نے کہا ہماری افواج اور عام شہریوں نے دہشتگردی کیخلاف لڑائی میں شہادتیں دیں،پیپلزپارٹی دور میں دہشتگردی کیخلاف کامیابیاں حاصل کیں،عمران خان نے ہماری جمہوریت کو نقصان پہنچایا،عمران خان نے ملک میں دہشتگردی کو امپورٹ کیا،عمران خان نے دہشتگردی کو ایک بار پھر ملک میں پھیلنے کاموقع دیا،عمران خان ملک کو دیوالیہ پن کی طرف لے کرگئے۔