کراچی: کراچی میں فائرنگ کے واقعات کے دوران پولیس اہلکار اورلڑکا لڑکی زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق سعید آباد تھانے کے علاقے بلدیہ ٹاﺅن نیول کالونی میں ریپڈ رسپانس فورس کے فیملی کوارٹراے 25 بس اسٹاپ کے قریب موٹرسائیکل پرسوارنامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکارکوزخمی کردیاجسے فوری طورپراسٹیڈیم روڈ پرواقع نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
زخمی پولیس اہلکارکی شناخت حنیف ولد برکت علی کے نام سے کی گئی جو سعید آباد تھانے میں تعینات ہے ۔اس حوالے سے ایس ایچ اوسعید آباد شاکرحسین نے بتایا کہ سعید آباد تھانے میں تعینات 2 پولیس اہلکارریپڈ رسپانس فورس کے ہیڈ کوارٹرز کے قریب معمول کے گشت میں مصروف تھے اسی دوران مخالف سمت سے موٹرسائیکل پرآنے والے2نامعلوم مسلح ملزمان نے براہ راست پولیس پر فائرنگ کردی اورفرارہوگئے۔
فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکارحنیف پیٹ میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیاجبکہ دوسرا پولیس اہلکارمعجزانہ طورپرمحفوظ رہا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اوررینجرزحکام موقع پرپہنچ گئے ہیں اورپولیس نے جائے وقوع سے گولیوں کے4 خول اور دیگر شواہد اکٹھا کرنے کے بعد تفتیش شروع کردی۔
سی ویو پر بھی نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے لڑکا اور لڑکی زخمی ہوگئے۔ایس ایس پی ساﺅتھ اسد رضا کے مطابق زخمی لڑکا اور لڑکی سی ویو پر گھومنے آئے تھے اور موٹر سائیکل سوار2 ملزمان نے لڑکی کو چھیڑنے کی کوشش کی تو لڑکے کا ملزمان سے جھگڑا ہوگیا۔
ملزمان نے وہاں سے جاتے وقت لڑکا اور لڑکی پر فائرنگ کی جس سے دونوں زخمی ہوگئے۔
لڑکا اور لڑکی زخمی حالت میں اپنی موٹرسائیکل پر سول اسپتال گئے،جہاں سے پولیس کو زخمیوں کی اطلاع دی گئی۔لڑکی منگھوپیر کی رہائشی اور لڑکا گارڈن کا رہائشی ہے۔ ملزمان نے زخمیوں سے کوئی قیمتی چیز نہیں لوٹی۔
