کراچی ،حیدرآباد:صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے مجھ پر اور ناصر شاہ پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام لگایا ہے، میں پوری پی ٹی آئی کو چیلنج دیتا ہوں کہ میں نے اگر کسی پی ٹی آئی ممبر سے بات بھی کی ہو تو میں سزا کے لئے تیار ہوں۔
حیدرآباد پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران و اراکین گورننگ باڈی کے اعزاز میں راول ہائوس ٹنڈوجام میں منعقدہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ہمارے پاس ملک میں فیک نیوز کا ٹرینڈ چل رہا ہے، آصف زرداری کے خلاف جھوٹی خبر پھیلائی گئی کہ این آر او دے کر زرداری صاحب کے تمام کیسز کو راولپنڈی سے کراچی منتقل کیا گیا ہے۔
ان کاکہناتھاکہ آصف زرداری کے تمام کیسز پنڈی میں زیر سماعت ہیں اور کوئی بھی کیس کراچی منتقل نہیں ہوا ، ہم نے کسی قسم کی ڈیل نہیں کی، پی ڈی ایم پیپلز پارٹی نے بنائی اور اس وقت استعفے نہ دے کر اچھا فیصلہ کیا ورنہ ابھی تک عمران خان وزیراعظم کے عہدے پر براجمان ہوتے، پی ٹی آئی نے ہمیشہ جھوٹ کی سیاست کی ہے،بلدیاتی انتخابات کیلئے پیپلز پارٹی ہر وقت تیار ہے، سیلاب کی صورتحال پر حکومت سندھ نے جو وعدے کیے اسکی تیاری ہوگئی ہے ، ،سندھ کے سیلاب متاثرہ 20 لاکھ خاندانوں کو گھر بنانے کے لیے پیسے دیئے جائیں گے۔
شرجیل میمن نے مزید کہاکہ اب بھی پانچ فیصد علاقوں میں پانی موجود ہے،فصلیں تباہ ہوگئی اورکھانے پینے کی اشیاء سب ختم ہوگئی،سندھ کی واحد حکومت ہے جو سرکاری طور پر 65 روپے کلو آٹا فروخت کر رہی ہے، عمران خان کہتے ہیں کہ انہوں نے 15 ارب سیلاب متاثرین کے لئے جمع کیے ہیں ، پندرہ ارب میں سے صرف ایک ارب روپے سندھ میں لگانا چاہتے ہیں۔
