کراچی : ایم کیو ایم اورپیپلزپارٹی کے مابین بلدیاتی الیکشن اورنئی حلقہ بندیوں کا معاملہ،آصف علی زرداری کی طرف سے تین روزہ مہلت کا پہلادن مشاورت میں گزرگیا،منگل تین جنوری کو دونوں جماعتوں کے مابین مشاورت میں حلقہ بندیوں کے معاملے پرڈیڈلاک برقراررہا،ایم کیو ایم پاکستان حلقہ بندیوں کے معاملے پراپنے مؤقف پرقائم رہی،دونوں جماعتوں کے مابین بدھ کو ایک اورملاقات پراتفاق رائے کے بعد پہلے دن کی مشاورت کسی نتیجہ پرپہنچے بغیرختم ہوگئی۔
پیپلزپارٹی کے ذرائع نے بلدیاتی الیکشن اورحلقہ بندیوں سے متعلق ایم کیوایم پاکستان کے مطالبے پرپیشرفت کا امکان ظاہرکیا ہے،منگل کو حکومتی اتحادی جماعتوں پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ن کی جانب سے وفاقی وزیرامین الحق اورخواجہ اظہارالحسن سے رابطے کئے گئے اورحلقہ بندی کے مطالبہ پرتفصیلی مشاورت کی گئی۔
ایم کیو ایم کی طرف سے واضح کیا گیا کہ مطالبات کی عدم تکمیل پرحکومت سے علیحدگی سمیت دیگرآپشنزپرعملدرآمد کیلئے باہمی مشاورت کے ذریعہ آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔
