کراچی :رکشوں پر عام لوگوں کی آواز کون؟ ارب پتی عمران خان یا مڈل کلاس جواد احمد ؟کے پینافلیکس لگانے پرعمران خان اورجواد احمد کے حامی آمنے سامنے آگئے۔
تحریک انصاف کے کارکنان نے کراچی بھرمیں رکشوں پرلگائے گئے پینا فلیکس پھاڑدیے۔دوسری طرف آرگنائزر برابری پارٹی کراچی واصف عابدی نے تحریک انصاف کے دہشتگردوں کی جانب سے برابری پارٹی کے پرامن کارکنان پر حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے انتظامیہ سے تحریک انصاف کے دہشتگردوں کو لگام دینے کا مطالبہ کیا ہے اورکہا ہے کہ انتظامیہ تحریک انصاف کی دہشتگردی کا نوٹس لے۔ کراچی میں برابری پارٹی کی جانب سے گزشتہ تین روز سے عام لوگوں کی آواز کون؟؟؟ اشہتاری مہم جاری ہے۔
مہم کے دوران سینکڑوں رکشوں پرلگائے گئے پینا فلیکسمیں عوام سے یہ سوال کیا گیا ہے کہ عام لوگوں کی آواز کون؟اور نیچے آپشن دیا گیا ہے کہ ارب پتی عمران خان یا مڈل کلاس جواد احمد؟ دونوں رہنماؤں کی تصاویر بھی ساتھ ساتھ لگائی گئی ہیں۔
اس مہم کے سلسلے میں منگل جب برابری پارٹی کے کارکنان کھارادر کے مقام پر رکشوں پر پینا فلیکس لگا رہے تھے تو تحریک انصاف کے کارکنان نمودار ہوئے اور انہوں نے مہم میں مصروف برابری پارٹی کے کارکنان کو زدو کوب کیا اور پینا فلیکس چھین کر پھاڑ دیئےاور گالم گلوچ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔
