کراچی: صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاولہ نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ کی رواں مالی سال میں دسمبر 2022 تک ٹیکس وصولی کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ر واں مالی سال میں جولائی 2022 سے دسمبر 2022 تک مجموعی طور پر 63708 ملین روپے سے زائد ٹیکس وصول کیا گیا ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں 4592 ملین روپے سے زائد جبکہ انفرااسٹرکچر سیس کی مد میں 55806 ملین روپے سے زائد ٹیکس وصول کیا گیا۔ پروفیشنل ٹیکس کی مد میں 216 ملین روپے سے زائد اور کاٹن فیس کی مد میں 3 ملین روپے سے زائد ٹیکس وصول کیا گیا ۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات و پارلیمانی امور و خوراک مکیش کمار چاولہ نے ٹیکسز کی وصولی کی مجموعی صورتحال تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ٹیکس نادہندہ گان سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے ٹیکسز بروقت جمع کروائیں۔
انہوں نے تاجر حضرات سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ ایک آسان طریقہ کار کے ذریعے آن لائن اپنا کاروبار رجسٹرڈ کروائیں تاکہ انہیں کسی ناخوشگوار صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
