کراچی میں ہر 6 منٹ پر واردات، 24 گھنٹوں میں 149 ڈکیتیاں

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو کراچی پولیس جاوید عالم اوڈھو نے دن بھر کے جرائم پر مبنی رپورٹ پیش کر دی ۔

رپورٹ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں سے متعلق وزیر اعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا گیا ، رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں شہر بھر میں اسٹریٹ کرائمز کی 149 وارداتیں رپورٹ ہوئیں جس میں 62 موبائل فونز و نقدی چھینی گئی ، اس دوران 4 گاڑیوں سمیت 61 موٹر سائیکلوں کو چوری کرلیا گیا ۔

149 اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ضلع شرقی میں 46 ، وسطی 41 ، کورنگی 21 ، غربی 15 وارداتیں ہوئیں جبکہ ضلع ملیر اور سٹی میں 8 ، 8 اس کے علاوہ جنوبی اور کیماری میں 5 ، 5 اسٹریٹ کرائمز کیسز رپورٹ ہوئے ، اسٹریٹ کرمنلز نے سرجانی پولیس تھانے کی حدود میں ایک شخص سلیمان کو مزاحمت کرنے پر قتل کیا جبکہ اسٹریٹ کرمنلز نے مزاحمت پر ضلع وسطی کے علاقے سپرمارکیٹ کی حدود میں عظیم نامی شخص کو زخمی کیا ۔

رپورٹ کے مطابق اسٹریٹ کرائم کی روک تھام میں پولیس نے 5 مقابلے کیے جس میں 7 اسٹریٹ کرمنلز زخمی حالت گرفتار کیے گئے ، 13 اسٹریٹ کرمنلز واردات کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ، کراچی پولیس نے ضلع شرقی ، کورنگی ، غربی اور کیماری میں 4 سرچ آپریشن کیے ، رپورٹ کے مطابق کراچی پولیس نے مجموعی طور پر 123 ملزمان کو دن بھر میں گرفتار کیا جس میں 30 اسٹریٹ کرمنلز ، 2 قاتل ، 20 غیر قانونی اسلحہ ، 22 منشیات فروشی اور 48 دیگر جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا۔

کراچی پولیس نے دن بھر میں 12 کار لفٹرز کو بھی گرفتار کیا اس کے علاوہ کراچی پولیس نے 18 غیر قانونی پستول ، 40 کلو چرس اور چھینے گئے 12 موبائل فونز برآمد کیے ، پولیس نے 4 مسروقہ گاڑیاں اور 26 موٹر سائیکلیں بھی برآمد کرلیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: