کراچی : الیکشن کمیشن کے حتمی فیصلے کے بعد سندھ حکومت کل کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے پر راضی ہوگئی۔
صوبائی حکومت نے پولیس اور ضلع انتظامیہ کو الیکشن کمیشن سے بھرپور تعاون کی ہدایت کردی ہے۔ سندھ حکومت کا اس حوالے سے موقف ہے کہ یہ ایک آئینی حکومت ہے اور آئین کے خلاف جاکر کوئی فیصلہ نہیں کرسکتے، شدید سیکیورٹی خدشات ہیں لیکن الیکشن کے دوران مکمل سیکیورٹی فراہم کریں گے۔
کراچی، حیدرآباد، ٹنڈوالہ یار، مٹیاری، ٹنڈومحمد خان، دادو اور جامشورو سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت آج 34 لاکھ سے زائد شہری اپنے ووٹ کا حق استعمال کرتے ہوئے بلدیاتی نمائندے منتخب کریں گے۔ اس حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، الیکشن کا سامان متعلقہ اسٹاف کے حوالے کردیا گیا جنہوں نے رات دیر تک اپنے اپنے پولنگ اسٹیشنز پر مذکورہ سامان پہنچادیا۔
کراچی
کراچی کے 7 اضلاع (ضلع وسطی، شرقی، کورنگی، غربی، کیماڑی، ملیر اور جنوبی) میں 246 یونین کمیٹیز کیلئے ہر ووٹر صرف 2 ووٹ دے گا، کراچی کے 25 ٹاؤنز کی 246 یو سیز کے 984 وارڈز پر ووٹنگ ہوگی۔
شہر کی 246 یونین کمیٹیوں کے چیئرمین کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کونسل کے رکن ہوں گے، میٹروپولیٹن کارپوریشن کی کونسل 367 ارکان پر مشتمل ہوگی جن میں 121 مخصوص نشستیں ہیں، میٹروپولیٹن کارپوریشن میں 121 مخصوص نشستوں پر ارکان کا انتخاب کونسل کے 246 ارکان کریں گے۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن میں 81 خواتین، 12 مزدور، 12 نوجوانوں کی مخصوص نشستیں شامل ہیں، میٹروپولیٹن کارپوریشن میں 12 اقلیتی ارکان، 2 خواجہ سرا اور 2 معذور افراد کی مخصوص نشستیں بھی شامل ہیں۔
قیمتی ووٹ ڈالتے وقت کن باتوں کا خیال رکھنا ہےِ؟ اہم ہدایات اور طریقہ کار
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے 367 ارکان شہر کا میئر منتخب کریں گے۔
کراچی شہر میں 25 ٹاؤنز ہیں، ہر ٹاؤن کا ایک منتخب ناظم ہوگا، ہر یو سی کا منتخب وائس چیئرمین ٹاؤن کونسل کا رکن ہوگا۔
حیدرآباد ڈویژن
حیدرآباد ڈویژن کے 9 اضلاع میں بھی آج بلدیاتی انتخابات ہورہے ہیں، حیدرآباد، جامشورو، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، ٹندوالہ یار، دادو، ٹھٹھہ، سجاول اور بدین میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق آج پولنگ ہوگی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے 9 جنوری کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر 6774 امیدواروں کے درمیان 1675 مختلف نشستوں پر مقابلہ ہوگا، اس میں کراچی کے اعداد و شمار شامل نہیں۔
حیدرآباد میں 2551 امیدواروں، دادو میں 1436، جامشورو میں 839، ٹنڈوالہ یار میں 781، مٹیاری میں 715 اور ٹنڈومحمد خان میں 452 امیدوار مختلف نشستوں پر الیکشن میں حصہ لیں گے۔
ووٹنگ صبح 8 سے شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
