کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدر آباد کے عوام نے شہری سندھ پر قبضے کا منصوبہ ناکام بنا دیاہے،15 جنوری کراچی اور حیدر آباد کے عوام کے لیے ایک خاموش ریفرنڈم تھا۔
متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر امین الحق کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم اپنے ووٹرز کی سوچ پر آگے بڑھتی ہے،بلدیاتی الیکشن کے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد ہم احتجاجاً الیکشن میں حصہ نہیں لے رہے ہیں، کراچی کے عوام نے ایم کیو ایم کی آواز پر لبیک کہا ہے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام نے ایم کیو ایم کے حق میں اپنے گھروں میں بیٹھ کر جعلی الیکشن کی قلعی کھول دی،کراچی اور حیدرآباد کے عوام نے شہری سندھ کے حقوق پر غاصب لوگوں کو ایک بار پھر ناکام کر دیاہے،ہم جعلی حلقہ بندیوں اور ناقص ووٹر لسٹ کے خلاف پچھلے 6 ماہ سے ہر دروازے پر گئے مگرکہیں شنوائی نہیں ہوئی،ایم کیوایم کی اپیل پرسب نے مل کر اس جعلی انتخابات کو ناکام بنادیا۔
امین الحق کا کہنا ہے کہ کراچی اور حیدر آباد میں دو تین فیصد ووٹ کاسٹ ہوا ہے، کراچی کے عوام جعلی حلقہ بندیوں کو مسترد کر کے ایم کیو ایم کے ساتھ ہیں،ایم کیو ایم کی جانب سے پُرامن طریقے سے بائیکاٹ کیا گیا۔
